بھٹکل ،8 ؍ دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل مین روڈ پر نجی پریکٹس کرنے والے ایک آیورویدک ڈاکٹر کے ذریعہ 7 سالہ لڑکے کے ساتھ جنسی بد فعلی کرنے کی شکایت ملنے پر پولیس نے ڈاکٹر کے خلاف پوکسو قانون کے تحت کیس درج کر لیا ہے،جس کے بعد بتایا جارہا ہے کہ ملزم شہر سے فرار ہوگیا ہے ۔
متاثرہ لڑکے کے والدین کی جانب سے شہری پولیس تھانے میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق ڈاکٹر شیلیش ایم دیواڈیگا ان کے کرایہ کے مکان میں مقیم تھا اور گھر والوں کے ساتھ گھل مل گیا تھا ۔ یکم دسمبر کو مبینہ طور پر ڈاکٹر شیلیش نے لڑکے کو اپنے کمرے میں بلایا اور اس کے ساتھ بد فعلی کی۔
اس بات کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشیل میڈیا پر لوگ الگ الگ طرح کے تاثرات پوسٹ کر رہے ہیں، کہا جارہا ہے کہ لاک ڈاون سے قبل جب وہ بھٹکل آیا تھا تو یہاں کے ایک معتبر اور معروف اسپتال میں ڈیوٹی ڈاکٹر کے طور پر اس کا تقرر ہوا تھا ۔ لیکن دو مہینے کے اندر ہی نرسنگ اسٹاف کے ساتھ اس کی مبینہ قربت اور نازیبا رویہ سامنے آنے کے بعد اسے فوری طور پر ملازمت سے ہٹا دیا گیا تھا ۔ سوشیل میڈیا میں اس طرح کی بھی خبریں ہیں کہ اس نے ایک اور مشہور ہاسپٹل میں ڈیوٹی ڈاکٹر کے طور پر خدمات انجام دینی شروع کی تھی اور لاک ڈاون کے دوران اس نے بڑی تعداد میں مریضوں سے جان پہچان بھی کر لی تھی ۔بتایا جارہا ہے کے اس دوران اس نے ایک نرس کے ساتھ شادی بھی رچالی۔
بہرحال تازہ معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈاکٹر کے خلاف پولس تھانہ میں شکایت درج ہوئی ہے اور پولس پورے معاملے کی جانچ کررہی ہے۔